ن سے ناخن

گرمیوں کے موسم میں اپنے ناخنوں پر غور کریں تو آپ کو یقینا یہ دیکھ کر حیرت ہو گی کہ ناخن جسم کا وہ واحد حصہ ہے جہاں پسینہ نہیں آتا۔ دراصل ناخن ہمارے جسم کے بے جان حصے ہوتے ہیں، جن کے نیچے پسینہ خارج کرنے والے غدود موجود نہیں ہوتے۔
ہمارے ناخن ایک خاص قسم کے مادے کیراٹین (Keratin) سے بنے ہوتے ہیں، جو ایک خاص قسم کی سخت پروٹین ہوتی ہے۔ ناخن کے نیچے اُس کی جڑیں ہوتی ہیں جس سے یہ بڑھتے ہیں۔
ماہرین کی تحقیقات کے نتیجے میں ناخن کے بڑھنے کے حوالے سے دلچسپ حقائق سامنے آئے ہیں جس کے مطابق مردوں کے ناخن خواتین کے ناخن کے مقابلے میں تیز رفتاری سے بڑھتے ہیں۔ گرمیوں کے موسم میں ناخن بڑھنے کی رفتار سردیوں کی نسبت زیادہ ہوتی ہے۔ اسی طرح ہمارے ہاتھوں کی درمیانی انگلی کا ناخن سب سے تیز رفتاری سے بڑھتا ہے۔ ہمارے انگوٹھے کا ناخن ہماری انگلیوں کے ناخن سے دوگنا موٹا ہوتا ہے۔
کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے ہمارے ناخن کیوں بنائے ہیں۔ دراصل ناخن کی مدد سے ہم چیزوں کو مضبوط گرفت کے ساتھ پکڑ سکتے ہیں۔ اُن سے ہماری انگلی براہِ راست چوٹ سے محفوظ رہتی ہے۔ عموماً ڈاکٹر ناخنوں کی شکل اور رنگت کی مدد سے مریض کے مرض کو بھی پہچانتے ہیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی صحت اچھی رہے تو کھانا کھانے سے قبل اپنے ہاتھوں کو اچھی طرح دھو لیں۔
ناخنوں کو بروقت تراشتے رہیں، کیوںکہ بڑھے ہوئے ناخنوں کے نیچے میل اور جراثیم جمع ہوجاتے ہیں، جو کھانا کھاتے وقت ہمارے منھ کے ذریعے پیٹ میں جاتے ہیں اور خطرناک بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔

٭…٭